مقامی اداروں کے انتخابات میں حصہ لینے 2 بچوں کی شرط ختم

   

٭ حضور نگر ‘ کوڑنگل اور نظام آباد میں تین اگریکلچر کالجس کا قیام عمل میں لایا جائیگا
٭ بی سی تحفظات پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینے ماہرین کی کمیٹی تشکیل
٭ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ پر مرکز کو دوبارہ تجاویز کی روانگی ‘ کابینہ کے فیصلے

حیدرآباد 16 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مجالس مقامی اداروں کے انتخابات میں حصہ لینے دو بچوں کی شرط کو ختم کردیا ہے۔ آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں حضور نگر ، کوڑنگل ، نظام آباد میں تین اگریکلچرل کالجس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ کانگریس حکومت کی تشکیل کے دو سال کی تکمیل پر یکم تا 9 ڈسمبر پرجا پالنا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کیلئے کابینہ سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ نے بی سی تحفظات میں حکومت کی خصوصی درخواست نظرثانی (SLP) کو خارج کردیا جس کے بعد ماہرین قانون کی ایک کمیٹی تشکیل دے کر اندرون دو دن حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی جس کے بعد 23 اکتوبر کو ہونے والے کابینی اجلاس میں رپورٹ پر غور و خوض کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں 1.48 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے۔ 80 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے، مزید دھان خریدنے مرکز پر زور دیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت سے دھان نہ خریدنے کی صورت میں حکومت کسانوں سے مکمل دھان خریدیگی۔ باریک چاول پر 500 روپئے بونس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نلسر یونیورسٹی کو 7 ایکر اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی تلنگانہ کے مقامی طلبہ کے 25 فیصد کوٹہ کو بڑھاکر 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کیلئے مرکزی حکومت سے منظوری میں تاخیر پر دوبارہ مرکز کو تجاویز روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایل این ٹی سے میٹرو ریل حکومت کی تحویل لینے اعلیٰ عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل سے اتفاق کیا گیا ہے۔ محکمہ عمارات و شوراع کے حدود میں 5,500 کیلو میٹر سڑکوں کو ترقی دینے ٹنڈر طلب کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کرشنا۔ وقار آباد ریلوے لائین کیلئے حصول اراضی کی منظوری دی گئی۔ ممنور، سری سیلم ایلویٹیڈ کاریڈور کی تعمیر کیلئے کابینہ نے گرین سگنل دیا ۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ موسم بارش میں چاول کی پیداوار کو مکمل خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چاول کی خریدی کیلئے مختلف محکمہ جات زراعت ، مال ، سیول سپلائیز اور ٹرانسپورٹ میں تال میل پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ چاول کی خریدی کیلئے کلکٹرس ، اڈیشنل کلکٹرس ، چاول خریدی کے مراکز کا دورہ کرکے جائزہ حاصل کیا۔ ضلع بھدرادی کتہ گوڑم کے جوریلا پاڈو میں مارکٹ یارڈ کے قیام کیلئے 10 ایکر اراضی مختص کی گئی ۔ پیراڈائیز جنکشن سے شاہ میر پیٹ او آر آر ، پیراڈائیز جنکشن سے ڈیری فارم روڈ تک ایلویٹیڈ کاریڈور کیلئے وزارت دفاع سے محصلہ اراضی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے بدلہ محکمہ دفاع کو 435.08 ایکر اراضی دینے کو کابینہ میں منظوری دی گئی ۔ کرشنا۔وقار آباد براڈ گیج ریلوے کی تعمیر کیلئے 845 ایکر اراضی حاصل کرنے 438 کروڑ معاوضہ ادا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 2