الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات مکمل : کلکٹر نظام آبادونئے کرشنا
نظام آباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ مقامی ادارہ جات کے انتخابات کو پرامن اور شفاف انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں۔ انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کامپلکس نظام آباد میں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کلکٹر مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے انتخابات کی پرامن تکمیل کے لیے تمام تر انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ضلع میں ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور گرام پنچایت انتخابات دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو متنبہ کیا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد وال رائٹنگ، فلیکسیاں، ہورڈنگس اور تصاویر کو 24 گھنٹوں میں سرکاری دفاتر سے، 48 گھنٹوں میں بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن اور پیٹرول پمپ جیسے عوامی مقامات سے اور 72 گھنٹوں میں غیر مجاز خانگی مقامات سے لازمی طور پر ہٹانا ہوگا۔کلکٹر نے بتایا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی مرحلہ اول کے انتخابات کے لیے 9 اکتوبر تا 11 اکتوبر صبح10:30 بجے سے شام 5 بجے تک نامزدگیوں کا عمل ہوگا جبکہ 23 ؍اکتوبر کو رائے دہی منعقد ہوگی۔ مرحلہ دوم کے لیے 13اکتوبر تا 15 اکتوبر نامزدگیاں قبول کی جائیں گی اور 27 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 11 ؍نومبر کو عمل میں آئے گی۔ اسی طرح گرام پنچایت مرحلہ اول کے انتخابات کے لیے 21؍ اکتوبر تا 23 ؍ اکتوبر نامزدگیاں قبول کی جائیں گی اور 4؍ نومبر کو پولنگ ہوگی جب کہ مرحلہ دوم کے لیے 25؍ اکتوبر تا 27؍ اکتوبر نامزدگیاں لی جائیں گی اور 8 ؍نومبر کو پولنگ ہوگی۔ دونوں مرحلوں میں ووٹنگ صبح 7 بجے تا دوپہر ایک بجے تک ہوگی جس کے بعد سہ پہر 2 بجے سے رائے شماری شروع کرکے اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کلکٹر نے زور دیا کہ انتخابات کو پُرسکون ماحول میں مکمل کرنے کے لیے تمام جماعتوں اور متعلقہ عہدیداروں کو تعاون کرنا ہوگا۔اس اجلاس میں ضلع کے ایڈیشنل کلکٹرس مسٹر انکت اور مسٹر کرن کمار، ضلع پریشد سی ای او مسٹر سیا گوڑ، ڈی پی او مسٹر سرینواس، سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور مختلف محکموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔