مقامی ادارہ جات کے انتخابات کیلئے گرین سگنل

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ حکومت کی خواہش پر الیکشن کمیشن کی رضامندی ، جاریہ ماہ ہی شیڈول کی اجرائی ممکن

حیدرآباد ۔8اپریل ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ادارہ جات مقامی ضلع پریشدوں اورمنڈل پریشدوں کیلئے انتخابات منعقد کرلینے کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ تاہم نتائج کا اعلان لوک سبھا انتخابی نتائج کے بعد ہی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چونکہ ریاست تلنگانہ میں پہلے مرحلہ کے تحت جاریہ ماہ 11اپریل کو لوک سبھا انتخابات منعقد ہوں گے لیکن لوک سبھا انتخابی نتائج کا 23مئی کو اعلان متوقع ہے ۔ لہذا اس طویل عرصہ کو ضائع کئے بغیر ریاستی تلنگانہ حکومت نے ضلع پریشد اور منڈل پریشد انتخابات منعقد کرلینے کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن سے اجازت طلب کی تھی ۔ لہذا ریاستی حکومت کی خواہش پر ریاست تلنگانہ میں ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے انتخابات منعقد کرلینے اور انتخابی نتائج کا لوک سبھا انتخابی نتائج کا اعلان کئے جانے کے بعد ہی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں ضلع پریشدوں اور منڈل پریشدوں کیلئے انتخابات منعقد کرلینے کیلئے حاصل ہوئی اجازت کی روشنی میں جاریہ ماہ اپریل کے تیسرے ہفتہ میں ریاست کے تمام ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے انتخابات سے متعلق شیڈول کی اجرائی ممکن دکھائی دے رہی ہے اور سمجھا جارہا ہیکہ ماہ مئی میں ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کیلئے انتخابات منعقد کئے جانے کا قوی امکان پایا جاتا ہے اور یہ انتخابات دو یا تین مرحلوں میں منعقد کئے جانے کی قوی توقع ہے ۔ تاہم انتخابات کے کتنے مرحلوں میں انعقاد ممکن ہوسکے گا ، اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن تمام ڈسٹرکٹ کلکٹروں اور ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے تجاویز حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ کرے گی جبکہ بتایا جاتا ہیکہ سال 2014ء میں ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کیلئے صرف ایک ہی مرحلہ میں انتخابات منعقد کئے گئے تھے لیکن اس مرتبہ چونکہ ضلع پریشدوں اورمنڈل پریشدوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوجانے کے پیش نظر ایک مرحلہ میں انتخابات کا انعقاد عمل میں لیا جانا ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے ان انتخابات کیلئے مراکز رائے دہی کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوجائے گا اور انتخابی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے اسٹاف کی کمی بھی ہوسکتی ہے ۔ لہذا ان تمام اُمور و مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے انتخابات منعقد کروانے کے معاملہ میں ضروری اقدامات کرے گا ۔