قائدین کو عوام کے درمیان رہنے پر زور ، وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔3جولائی (سیاست نیوز) ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کا جو خواب ہے اس خواب کو شرمندہ تعمیر کرنے میں دیہی علاقوں کے علاوہ پنچایت راج اداروں کا کلیدی کردار ہے اور اس کے لئے نو منتخبہ نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اپنے طور پر اپنے علاقوں کی بہتری کے لئے خدمات انجام دینے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر ای دیاکر راؤ نے نومنتخبہ ادارہ جات مقامی کے نمائندوں کے نام جاری کردہ پیام میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ جمہوریت کے استحکام میں ادارہ جات مقامی کا اہم کردار ہوتا ہے اور ان کے اس کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے تمام شعبوں میں یکساں ترقی کے علاوہ ریاست بھر میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کوششوں کو اسی وقت کامیابی حاصل ہوسکتی ہے جب ادارہ جات مقامی کے لئے منتخب ہونے والے نمائندوں کی جانب سے بنیادی مسائل کے حل کے لئے دیانتداری کے ساتھ کوششیں کی جائیں اور اپنے علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام مواضعات کو بنیادی سہولتوں جیسے برقی اور پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے اور حکومت کی جانب سے پنچایت راج اداروں کو فراہم کئے گئے اختیارات اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں کو ان کی ضروریات کے مطابق پورا کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہاہے۔ انہوں نے نو منتخبہ عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں کی ترقی کیلئے مصروف رہیں اور عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں جستجو کا مظاہرہ کریں۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پنچایت راج اداروں کے لئے منتخب نمائندوں کے ذریعہ ہی مقامی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے اور اس طرح کے میکانزم کی تیاری پر غور کیا جا رہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے پنچایت راج اداروں کے اختیارا ت میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے ریاست کے تمام مواضعات کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے اور عوام کا پنچایت راج اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
