شہری علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور ریاستی وزیر سرینواس یادو کا خطاب
حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے حصہ کے طور پر امیر پیٹ میں وارڈ آفس کا افتتاح کیا۔ وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو اور چیف سکریٹری شانتی کماری نے صفائی عملہ کی ریالی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اینمل ہسبنڈری نے کہا کہ نظم و نسق کو عوام کے قریب کرنے اور مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت نے ہر وارڈ میں بلدی دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جہاں وارڈ دفاتر میں عوام کو 11 مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ برقی ، پانی اور صحت و صفائی سے متعلق مسائل کی یکسوئی وارڈ دفاتر میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کیلئے زونل آفس یا ہیڈ آفس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ ریاست کی 142 شہری مجالس مقامی میں آج پٹنہ پرگتی پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت وارڈ دفاتر قائم کئے گئے ۔ گزشتہ 9 برسوں میں شہری ترقی سے متعلق حکومت کے کارناموں کو عوام کے درمیان پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سڑکوں ، فلائی اوورس ، ڈرینج سسٹم اور گرینری کے علاوہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی جیسے اقدامات کئے گئے تاکہ شہری علاقے بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و نسق کو غیر مرکوز کرنے کیلئے وارڈ دفاتر قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے سینئر سٹیزنس کی جانب سے مختلف سماجی اور رفاہی سرگرمیوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے استعمال کو ترک کریں جو ماحولیات کے لئے خطرہ بن سکتا ہے ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے صفائی ورکرس کو سرٹیفکٹس حوالے کئے ۔ زونل کمشنر روی کرن اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ر