یروشلم ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیرا عظم بنجامن نتن یاہو نے پارٹی سربراہی کے لیے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد وسیع تر منصوبہ جات کا اعلان کیا ہے۔ ان میں مقبوضہ مغربی اردن کے کچھ علاقوں میں اسرائیلی حاکمیت کے لیے امریکی حمایت حاصل کرنے کی بات بھی شامل ہے۔ انہوں نے جمعے کے دن مزید کہا کہ ان کا ملک ’ آخر کار ایران کو روک‘ دے گا جبکہ عرب ممالک کے ساتھ امن و سلامتی کے معاہدے کیے جائیں گے۔ گزشتہ روز ہی نیتن یاہو نے پارٹی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی تھی۔ حکمران لیکود پارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو مارچ میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق لیکود پارٹی کے 72 فیصد ارکان نے نیتن یاہو کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ یاد رہے کہ نیتن یاہو کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی سیاسی ساکھ خراب بھی ہوئی ہے۔ اسرائیل میں عام الیکشن کا انعقاد دو مارچ کو کیا جا رہا ہے۔
