مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے کئی شہروں میں زلزلہ ‘26 ہلاک ۔ 300 زخمی

,

   

میر پور سب سے زیادہ متاثر۔ سڑکیں پھٹ گئیں۔ زلزلہ کی شدت پر متضاد اطلاعات ۔ وزیر اعظم عمران خان کا اظہار رنج

اسلام آباد 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے شمال مشرقی علاقے آج شام 5.8 شدت کے زلزلہ سے دہل کر رہ گئے جس کے نتیجہ میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی جیالوجکل سروے کے بموجب اس زلزلہ کا مبداء مقبوضہ کشمیر میں میر پور کے قریب تھا ۔ میر پور شہر اس زلزلہ کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے ۔ مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ شام 4.02 بجے محسوس کیا گیا ۔ محکمہ داخلہ کے بموجب اس زلزلہ کے نتیجہ میں 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 300 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ جانی نقصانات میر پور اور اطراف کے علاقوں میں ہوئے ہیں۔ پاکستانی محکمہ طبقات الارض کے بموجب زلزلہ کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور یہ صوبہ پنجاب میں جہلم شہر کے پہاڑی علاقوں میں زیادہ محسوس کیا گیا ۔ تاہم وزیر اسئینس فواد چودھری نے کہا کہ زلزلہ کی شدت در اصل 7.1 تھی ۔ میرپور میں زلزلہ کے بعد کچھ مکانات منہدم ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر راجا قیصر نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ علاقہ میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوگیا ۔ سارے مقبوضہ کشمیر کے دواخانوں میں ایمرجنسی کا اعلان کریدا گیا ہے ۔ ٹی وی چینلوں پر دکھایا گیا ہے کہ میر پور میںسڑکوں کو شدید نقصان ہوا ہے اور زلزلہ کی وجہ سے کئی گاڑیاں الٹ گئی ہیں۔ کئی کاریں سڑکوں پر پڑنے والے گہرے کھڈ میں بھی گرگئیں۔ میرپور میں سرکاری براڈکاسٹنگ ہاوز کی عمارت کو بھی زلزلہ کی وجہ سے شدید نقصان ہوا ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ زلزلہ شدید تھا اور عوام میں خوف پیدا ہوگیا اور وہ باہر کی طرف دوڑنے لگے ۔

اس کے علاوہ پاکستان میں پشاور ‘ راولپنڈی ‘ لاہور ‘ سکارڈو ‘ کوہاٹ ‘ چرس اڈہ ‘ قصور ‘ فیصل آباد ‘ گجرات ‘ سیالکوٹ ‘ ایبٹ آباد ‘ مانشیرہ ‘ چترال ‘ ملاقند ‘ ملتان ‘ شانگلا ‘ اوکارا ‘ نوشیرہ ‘ اٹخ اور جھنگ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے جو فی الحال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں ‘ زلزلہ میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے تمام محکمہ جات کو زلزلہ سے متاثرہ علاقہ میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت دی ہے ۔ فوجی سربراہ جنرل باجوا نے بھی فوری بچاو اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔