مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان جوابدہ

   

نئی دہلی، 3 اکتوبر ( یواین آئی) ہندوستان نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے متعدد علاقوں میں ہونے والے مظاہروں کو پاکستان کے جابرانہ انداز اور وسائل کی لوٹ مار کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیلئے جوابدہ ہونا چاہیے ۔ جمعہ کو یہاں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ پاکستانی فوج پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والے معصوم شہریوں پر وحشیانہ مظالم کا ارتکاب کر رہی ہے اور پاکستان کو اس کا جوابدہ ہونا چاہیے ۔ترجمان نے ”ہم نے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں مظاہروں کی رپورٹس دیکھی ہیں، جن میں پاکستانی فوج کی طرف سے معصوم شہریوں کے خلاف بربریت بھی شامل ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان کے جابرانہ انداز اور ان علاقوں میں وسائل کی منظم لوٹ مار کا فطری نتیجہ ہے ، جو اس کے جبری اور غیر قانونی قبضے میں ہیں۔ پاکستان کو انسانی حقوق کی پامالی کیلئے جوابدہ ہونا چاہیے ۔”ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیر قانونی طور پر قابض علاقے ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہیں۔