مقبوضہ کشمیر کو حاصل کرنے تک دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا : اتم کمار ریڈی

   

ہندوستان فوجی کارروائی میں حق بجانب، ملک کی جانب سے پاکستان کے خلاف لڑنے تیار ہوں
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پاک مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان کی جانب سے حاصل کرنے تک دہشت گردی کے مسئلہ کی مستقل یکسوئی ممکن نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کشمیر کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ پاک مقبوضہ کشمیر کو دوبارہ حاصل کرنے ہندوستان کو اقدامات کرنے چاہئیں، اُس وقت تک دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی ممکن نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ یہ اُن کی شخصی رائے ہے اور وہ سابق فوجی عہدیدار کی حیثیت سے اِس نتیجہ پر پہونچے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی سرحدی علاقوں پر پاکستان کے حملہ کے بعد ہندوستان کا جوابی کارروائی کرنا حق بجانب ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر جنگ جاری رہتی ہے تو پاکستان کا صفایا ہوجائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اگر حالات اجازت دیتے ہیں تو وہ فوجی کی حیثیت سے پاکستان کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 22 اپریل کو پاکستان کی زیرسرپرستی دہشت گردوں کی جانب سے پہلگام میں نام پوچھ کر سیاحوں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ ملک بھر میں اِس واقعہ کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے اور ہندوستان اِس معاملہ میں متحد ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایف نامی دہشت گرد تنظیم دراصل لشکر طیبہ سے وابستہ ہے۔ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پاکستان کو سبق سکھانا ضروری تھا۔ آپریشن سندور میں رافیل جنگی طیاروں اور کمیونکیشن ڈرون کا استعمال کیا گیا۔ ہندوستان کی سرحد سے رافیل جنگی طیاروں نے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وہ 16 سال تک فوج سے وابستہ رہے ہیں۔ 1982 ء میں مگ ۔ 21 جنگی طیارے کے پائلیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد میں وہ مگ ۔ 23 فائٹر طیارے کے پائلیٹ رہے۔ سرینگر، امرتسر اور دیگر علاقوں میں وہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ محض 20 سال کی عمر میں وہ فائٹر پائلیٹ کی حیثیت سے ہندوستان کے لئے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے وزراء کے ہیلی کاپٹرس کے استعمال پر اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کردیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہیلی کاپٹر سے سفر کی صورت میں ایک گھنٹہ میں 300 لیٹر فیول کا صرفہ ہوتا ہے اور فی لیٹر فیول کی قیمت 100 روپئے ہے۔ تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر سفر کرنے ایک لاکھ تا ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کا خرچ آتا ہے۔ کسی بھی پروگرام میں شرکت کیلئے 3 تا 4 وزراء ایک ساتھ سفر کررہے ہیں۔ سڑک کے راستہ سفر کی صورت میں پولیس، عہدیداروں اور قافلے کا خرچ ہیلی کاپٹر کے خرچ سے زیادہ ہے۔ ہیلی کاپٹر سے سفر میں خرچ کے علاوہ وقت کی بچت ہوتی ہے۔ سابق حکومت نے ہیلی کاپٹر کو لیز پر حاصل کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ہیلی کاپٹر سے سفر کی صورت میں صرف فیول کا خرچ آرہا ہے۔1