مقتولہ کمسن لڑکی کے والدین کو حکومت سے مالی امداد و مکان کی فراہمی

   

واقعہ کی مذمت ، وزراء محمد محمود علی اور سرینواس یادو کا خطاب
۔یکم ڈسمبر (سیاست نیوز )ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی جناب ٹی۔ سرینواس یادو اور وزیر داخلہ جناب محمود علی نے کہا ہے کہ حکومت سعیدآباد کی سنگارینی کالونی کی ساکن کمسن چیترا جس کو جنسی زیادتی کا شکار بنایا گیا اور بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، کے ارکان خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی . چہارشنبہ کے روز، چیترا کے والدین، سباوت راجو اور جیوتی کو وزرا سرینواس یادو اور محمود علی کے ہمراہ کلکٹر شرمن نے حکومت کی جانب سے تعمیر شدہ ڈبل بیڈروم مکان کے دستاویزات حوالے کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو ایک حیوان نفسیات کا حامل انسان نے اس معصوم بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کر دیا جو کہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ واقعے کے فوراً بعد مجرم کو پکڑنے کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اور پولیس نے اقدامات کیے تھے۔ چیترا کے ساتھ واقع حادثہ کے فوری بعد امداد کے لیے ضلع خواتین اور بچوں کی بہبود کے محکمہ کے زیر اہتمام 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ چیف منسٹر جناب کلواکنٹلہ چندرا شیکھر راؤ نے حکومت کی طرف سے 20 لاکھ روپے کی مالی امداد اور ایک ڈبل بیڈروم مکان کا اعلان کیا تھا۔ وزیر سرینواس یادو نے کہا کہ 15 ستمبر کو وزیر داخلہ محمود علی نے خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر ستیہ وتی راٹھور کے ہاتھوں 20 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک حوالے کیا۔ چیترا کی والدہ کو آج سعیدآباد منڈل کے پلی گوڈیسے کالونی میں حال ہی میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات میں سے ایک مکان کی الاٹمنٹ کے دستاویزات اور گھر کی چابیاں فراہم کی۔ وزیر سرینواس یادو کی ہدایت پر سعیدآباد کے تحصیلدار پرساد نے سعیدآباد کی پلی گوڈیسے کالونی میں واقع ڈبل بیڈ روم مکانات میں سے مکان نمبر 514 سباوت راجو اور جیوتی کے حوالے کیا اور فوری طور پر مکان کا قبضہ لینے کے کا مشورہ دیا۔