مقتول افغان صحافی کے تین ارکان خاندان کا بھی قتل

   

افغان طالبان نے مغربی صوبے غور میں ایک مقتول صحافی کے تین اہل خانہ کو بھی قتل کر دیا ہے۔ یہ انکشاف ملک میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیم AIHRC نے اتوار کے روز کیا۔ ایک خانگی ریڈیو اسٹیشن کے ایڈیٹر ان چیف بسم اللہ عادل ایماق کو گزشتہ ماہ نامعلوم حملہ آوروں نے قتل کر دیا تھا۔ پھر گزشتہ جمعرات کو فیروز کوہ نامی شہر میں حملہ آوروں نے ایماق کے والد کے گھر پر حملہ کرتے ہوئے تین افراد کو قتل کر دیا۔ اس حملے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ تین کو اغواء کر لیا گیا۔ انسانی حقوق کے غیر جانبدار افغان کمیشن AIHRC کے مطابق اس کارروائی میں طالبان کا ایک کمانڈر ملوث ہے۔