چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ردعمل کا اظہار نہ کرنا باعث تشویش : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے قائدین کے ایک وفد کے ساتھ منتھنی پہنچ کر ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس قتل میں حکمران جماعت کے قائدین کا ہاتھ ہے۔ حکومت اور پولیس کی سازباز سے ہی یہ قتل کی واردات انجام دی گئی ہے۔ اس سنسنی خیز قتل پر سارے ملک میں صدمہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی خاموشی معنی خیز ہے۔ لا اینڈ آرڈر کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کے باوجود چیف منسٹر نے اس پر ابھی تک کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ برسرعام دن دھاڑے قتل کیا گیا۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری سے اپیل کی کہ وہ حکومت کو سبق سکھانے کیلئے گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں کانگریس کے امیدواروں راملو نائیک اور جی چناریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کانگریس لیگل سیل کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ تمام عدالتوں کا دورہ کرتے ہوئے وکلاء برادری سے ملاقات کریں اور کانگریس امیدواروں کیلئے ووٹ طلب کریں۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے وکلاء برادری کو متحد ہونے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن اسمبلی سریدھر بابو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔