کولکتا: انیس قتل معاملے میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔آج انڈین سیکولر فرنٹ نے اپنے ممبر اسمبلی نوشاد صدیقی کی قیادت میں کلکتہ شہر میں سیالدہ ریلوے اسٹیشن سے کلکتہ کے دھرم تلہ تک جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔2021میں تشکیل کے بعد آئی ایس ایف نے پہلی مرتبہ کلکتہ میں کوئی سیاسی پروگرام کیا ہے ۔ جلوس کی قیادت کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نوشاد صدیقی نے کہا کہ عالیہ یونیورسٹی کے سابق طالب علم و سماجی کارکن انیس خان ایک ابھرتا ہوا نوجوان تھا جو ناانصافی کے خلاف جد وجہد کرتا تھا۔این آر سی اور شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف تحریک میں بنگال میں ایک اہم چہرہ تھا۔وہ ممتا بنرجی کی حکومت اور ترنمول کانگریس کے ورکروں کی غنڈہ گردی کے خلاف بھی آواز بلندکرتا تھا۔انیس خان کو جس طریقے سے قتل کیا گیا ہے وہ یہ بتایا ہے کہ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے ۔اس کے پیچھے سینئر پولس اہلکار اور سیاست داں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ انیس خان کے والد کو بنگال پولس پر بھروسہ نہیں ہے ۔