نارائن پیٹ میں 30 ڈسمبر کو لوک عدالت ، جج عبدالرفیع کا بیان
نارائن پیٹ 7 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ جج و انچارج ڈسٹرکٹ جوڈیشیل سرویس اتھاریٹی جناب عبدالرفیع نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ضلع نارائن پیٹ کے دو مقامات، نارائن پیٹ اور کوسگی کے جوڈیشیل مجسٹریٹ کورٹ میں 30 ڈسمبر 2023 ء کو قومی لوک عدالت کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر فریقین لوک عدالت سے فائدہ اُٹھانا چاہئیں تو اُن کو جلد مقدمات حل ہوں گے اور انصاف بھی ملے گا۔ انھوں نے کہاکہ اپنے وسائل کے مطابق مقدمات پر سمجھوتہ کریں۔ ایکسیڈنٹ مقدمات، ازدواجی، خاندانی تنازعات، بینک چیکس باؤنس، بجلی، چٹ فنڈ، انشورنس مقدمات، اکسائز، برقی چوری، کنزیومر فورم مقدمات، ٹریفک ای چالانات، پہلے سے زیردوران مقدمات و دیگر مذاکراتی معاملات کو فریقین کی رضامندی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اس قومی لوک عدالت سے استفادہ کے لئے فریقین سے اپیل کی۔ انھوں نے کہاکہ مصالحتی فریقین اپنے وکلاء کے ساتھ حاضر عدالت ہوں۔ انھوں نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے بھی اپیل کی کہ اس قومی لوک عدالت کے کامیاب انعقاد اور اس سے زیادہ سے زیادہ متاثرہ افراد کے استفادہ کے لئے تعاون کریں۔ انھوں نے کہاکہ مزید معلومات کے لئے فون نمبر 08506281129 پر ربط کریں۔