مقدمے سے دوچار کشمیری فوٹو جرنلسٹ انٹرنیشنل ایوارڈ کیلئے نامزد

,

   

سری نگر، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والی چھبیس سالہ معروف خاتون فوٹو جرنلسٹ مسرت زہرا کو واشنگٹن ڈی سی میں قائم انٹرنیشنل وومنز میڈیا فائونڈیشن نے سال 2020 کے ‘آنجا نائیدرنگہاس کریج ایوارڈ’ کے لیے نامزد کردیا ہے ۔مسرت زہرا جو بحیثیت فری لانسر کام کرتی ہیں، کے خلاف رواں برس اپریل میں جموں وکشمیر پولیس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ‘اینٹی نیشنل پوسٹس اور تصویریں’ اپ لوڈ کرنے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام والے قانون اور تعزیرات ہند کی دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس کو ابھی تک واپس نہیں لیا گیا ہے ۔مسرت کی طرف سے کھینچی گئی تصویروں کو انٹرنیشنل وومنز میڈیا فائونڈیشن کی جیوری نے کافی سراہتے ہوئے ‘آنجا نائیدرنگہاس کریج ایوارڈ’ کا حقدار قرار دیا ہے ۔ ان تصویروں میں کشمیر میں تنازعہ اور اس کے مقامی لوگوں بالخصوص خواتین پر پڑنے والے اثرات کی عکاسی کی گئی ہے ۔یہ ایوارڈ 2014 میں افغانستان میں ہلاک ہونے والی اڑتالیس سالہ ایوارڈ یافتہ جرمن فوٹو جرنلسٹ آنجا نائیدرنگہاس کی یاد میں دیا جاتا ہے ۔