مقروض کے ہاتھوں قرض دینے والے کا قتل

   

سداشیونگر منڈل میں انسانیت سوز واقعہ ، ڈی ایس پی کا انکشاف

یلاریڈی ۔5 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) قرض کے طورپر لیا گیا سونا نہ دینے کی نیت سے ایک شخص نے قتل کرڈالا ۔ یہ واقعہ منڈل سدا شیونگر کے لنگم پلی شیوار پر 30اکٹوبر کو پیش آیا ۔ یلاریڈی ڈی ایس پی سرینواسلو کی تفصیلات کے مطابق منڈل لنگم پیٹ کے کو اپل علاقہ سے تعلق رکھنے والا گنگا دھر گذر بسر کیلئے منڈل چرکانی پلی کے ارگل علاقہ میںکچھ دن قیام کیا تھا ، اُس وقت منڈل ڈچپلی کے دھرمارم ۔ بی موضع سے تعلق رکھنے والے کرشنا نامی شخص سے دوستی ہوگئی اور 2019 ء میں گنگادھر ارگل سے آکر دوبئی کو چلاگیا۔ دوبئی سے کمانے کے بعد اپنے آبائی موضع میں مکان تعمیر کرکے رہنے لگا ۔ اس اثناء میں پھر سے گنگادھر دوبئی جانے کا ارادہ کیا جس کیلئے کرشنا کی بیوی لاونیا کے پاس سے چار تولہ سونا قرض کے طورپر حاصل کیا اور دوبئی سے واپس آنے کے بعد چار تولہ سونا کی جگہ چھ تولہ سونا دینے کا وعدہ کرتے ہوئے اُنھیں یقین دلایا ۔ لیکن چار تولہ سونا لینے کے بعد گنگا دھر دوبئی جا نہ سکا اور لاونیا کو چار تولہ سونا باقی رہ گیا اور پھر قرض کے طورپر لیا گیا سونا واپس کرنے کی کوئی صورت نہ ہونے پر کرشنا اور لاونیا دونوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ اور 30 اکٹوبر کو کرشنا کو کاماریڈی بُلایا ، دونوں ملکر نظام ساگر چوراستہ پر موجود سیندھی خانہ میں سیندھی نوش کی ۔ اس کے بعد تاڑوائی سے لنگم پلی شیوار پر گئے جہاں ڈمپنگ یارڈ کے پاس کرشنا ضرورت سے فارغ ہورہا تھا کہ گنگا دھر نے اُس کے سر پر بڑے پتھر سے وار کرکے مقام واردات پر ہی قتل کردیا ۔ قاتل گنگا دھر نے کرشنا کا فون اور ATM کارڈ لیکر راہ فرار اختیار کی ۔ مقتول کرشنا کے بینک اکاؤنٹ سے 40 ہزار روپئے ڈرا بھی کرلئے ۔ لاونیا کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے قاتل کو گرفتار کرتے ہوئے منصوبہ بند طریقہ سے قتل کرنے کا انشاف کیا ۔ قتل کا معمہ حل کرنے والے سرکل انسپکٹر سنتوش کمار ، سب انسپکٹر رنجیت ، عملہ میں روی سرینواس ، وینکٹ ، راملو اور یادگیری کو ضلع ایس پی سندھو شرما نے مبارکبادی دیتے ہوئے ستائش کی ۔ اس موقع پر اے ایس آئی ، نرسیا ، ساگر اور دوسرے موجود تھے ۔