کوالالمپور ؍ جکارتہ : ملائشیا اورانڈونیشیا نے ترکی کی دفاعی فرم بایکر سے مسلح ڈرونز خریدکرنے میں گہری دلچسپی کااظہارکیا ہے۔ترکی کے ان ڈرونز نے متعدد ممالک میں میدان جنگ میں پانسہ پلٹنے میں اہم کردارادا کیا ہے اور اب متعدد ممالک اس سے یہ ڈرونز خرید کرنے کے خواہاں ہیں۔ ترک وزیرخارجہ مولودچاوش اوغلو نے کہاکہ بہت سے ایشیائی ممالک بالخصوص ملائشیا اور انڈونیشیا نے ہماری دفاعی صنعت کی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے اور اس ضمن میں ان ممالک کے ساتھ سمجھوتوں پردست خط کئے جا رہے ہیں۔جاپان کے سابق وزیراعظم شنزوآبے کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پرٹوکیو میں انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ہم جاپان کی ڈرونز کی ضرورت کو پورا کریں گے‘‘۔