ملائشیا میں میری ٹائم اور ایرو اسپیس نمائش کا آغاز

   

کوالالمپور20 مئی (یو این آئی) بین الاقوامی میری ٹائم اور ایرو اسپیس نمائش (لیما) کے 17ویں ایڈیشن کا منگل کو لنگکاوی، ملائشیا میں آغاز ہوا، جس میں دنیا بھر کی دفاعی اور اس سے منسلک کمپنیاں ایشیا کے دفاعی شعبے میں اعلیٰ سطحی واقعات پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش میں 860 نمائش کنندگان شامل ہیں جو میرین اور ایرو اسپیس کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ 46 ممالک اور خطوں کے 140 مندوبین شامل ہوں گے ، جن میں فوجی سربراہان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سرکاری حکام شامل ہیں۔ملائشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور ان کی کابینہ کے ارکان بشمول نائب وزراء احمد زاہد حامدی اور فضیلہ یوسف، وزیر دفاع محمد خالد نوردین نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جس میں رائل ملیشین ایئر فورس کے طیاروں کی ایروبیٹکس کی نمائش کی گئی۔ خالد کے مطابق اس ایڈیشن کی خاص باتوں میں انڈونیشیا اور روس کی دو ایروبیٹک ٹیمیں شامل ہیں، جو ایونٹ کے حصہ کے طور پر خاص طور پر فضائی مشقوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گی۔ حصہ لینے والے ممالک کے تقریباً 43 لڑاکا طیارے اور دیگر طیارے لنگکاوی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی کرتب دکھائیں گے ، جبکہ متعدد شریک ممالک کے 12 جہازوں سمیت 31 جنگی جہاز نمائش کیلئے پیش کیے جائیں گے ۔ ابراہیم نے پیر کی شام دیر گئے افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ نمائش ملائشیا کی دفاعی تیاریوں، علاقائی امن اور تزویراتی تعاون کیلئے وابستگی کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش صرف فوجی مظاہروں کے بارے میں نہیں ہے ، یہ پارٹنرشپ کی تعمیر، مقامی صنعتوں کو سپورٹ کرنے اور قومی اور علاقائی سلامتی کیلئے جدت کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے کے بارے میں ہے۔ وزیردفاع خالد نے کہا کہ اس سال کے ایڈیشن میں ملکی دفاعی ٹیکنالوجی کی جدت اور ترقی پر توجہ دی جائے گی، اس تقریب کے دوران کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔انہوں نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ان مفاہمت ناموں میں دفاعی سیٹلائٹ ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے ، دفاعی ایپلی کیشنز میں مصنوعی ذہانت کو مربوط کرنے اور ہوا بازی میں ایک قومی مرکز کا قیام شامل ہے ۔