اٹاوہ 21مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سیفئی میں ملائم کی ہولی اس بار دو خیموں میں بٹ گئی ہے ۔ ایک خیمے میں جہاں ملائم سنگھ یادو کے بھائی پروگریسو سوشلسٹ پارٹی کی تشکیل کر نے والے شیو پال سنگھ یادو ہیں تو دوسری طرف مسٹر ملائم یادو کے پیچھے ان کے بیٹے اکھلیش یادو، بھائی رام گوپال یادو اور خاندان کے تمام چھوٹے بڑے افراد کھڑے ہوئے دکھائی دیے ۔ شیو پال اگرچہ ملائم کے صحن میں کھلے عام سب کے سامنے ہولی کے جشن میں شامل نہیں ہوئے ہوں لیکن جمعرات کی صبح وہ اپنے بڑے بھائی نیتا جی ملائم سنگھ یادو سے ہولی کے موقع پر آشیرواد لینے ان کی سول لائن میں واقع رہائش گاہ پر پہنچے ۔ دونوں کے درمیان بند کمرے میں کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔ نیتا جی سے ملاقات کے بعد شیو پال سنگھ یادو نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے بھائی ملائم سنگھ یادو سے آشیرواد لینے کے لئے آئے ہوئے تھے ۔ جوش اور امنگ پیدا کرنے والے رنگوں کے اس تہوار کے موقع پر ملائم کا کنبہ ان کے آنگن میں ایک ساتھ جمع ہوا کرتا تھا، لیکن وہ آج مکمل طور پر منتشر نظر آیا۔ ملائم کے آنگن میں ہولی کے جشن میں جہاں مسٹر ملائم سنگھ، اکھلیش یادو، رام گوپال، دھرمیندر، تیج پرتاپ، ابھیشیک، انوراگ اور کارتکیے نظر آئے ، وہیں شیوپال اپنے حامیوں کے ساتھ ایس ایس میموریل میں رہے ۔