ملائیشیااسپورٹنگ ایونٹس میں اسرائیل کو مدعو نہیں کریگا : وزیر خارجہ

   

پتراجیا(ملائیشیا) ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے چہارشنبہ کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا میں مستقبل میں کھیل کود کے جو بھی ایونٹس منعقد ہوں گے، ان میں اسرائیل کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے گزشتہ ہفتہ کابینہ کو بتایا کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کیلئے ملائیشیا میں آئندہ کسی بھی کھیل کود یا کسی دیگر ایونٹ میں اسرائیلی وفد کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ملائیشیا فلسطینیوں کا حامی ملک ہے اور ان مسلم اکثریتی ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جولائی میں مشرقی سراوک ریاست میں منعقد ہونے والے مقابلہ میں اسرائیلی تیراک شرکت نہیں کرسکتے جو راصل 2020ء کے ٹوکیو پیرالمپکس کیلئے کوالیفائنگ مرحلہ ہوگا۔ سیف الدین نے کہا کہ فلسطینیوں کا بحران صرف مذہبی نوعیت کا ہی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اس وقت دنیا کی ایسی قوم ہے جسے سب سے زیادہ ستایا جارہا ہے اور ظلم و جبر کا بازار اسرائیل نے گرم کر رکھا ہے۔ دوسری طرف اسرائیل نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیرالمپک کمیٹی ، انٹرنیشنل کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی اور توقع ہے کہ اس بحران یا تنازعہ کا جولائی سے قبل کوئی حل نکالا جائے گا۔ کمیٹی کے سرکاری نمائندہ لیہہ شینڈر نے کہا کہ فی الحال اس تنازعہ پر مزید لب کشائی کرنا حالات کو پیچیدہ بنا سکتا ہے۔