کوالالمپور۔ ابھرتی ہوئی ہندوستانی خواتین کی ڈبلز جوڑی ٹریسا جولی اورگایتری پلیلاگوپی چند نے ملائیشیا اوپن سوپر 1000 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنالی جبکہ مشہور شٹلرزکدامبی سری کانت اور سائنا نہوال کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کامن ویلتھ گیمزکی برونز میڈلسٹ جوڑی ٹریسا اور گایتری نے یہاں ایگزیٹا ایرینا میں ہانگ کانگ کی یونگ نگا ٹنگ اور ہانگ کانگ کی یونگ پوئی لام کے خلاف راست گیمز میں 21-19، 21-14 سے فتح درج کی۔ دنیا کی نمبر16 ہندوستانی جوڑی کوارٹر فائنل میں جگہ کے لیے دنیاکی 14 ویں نمبر کی بلغاریہ کی بہنوں گیبریلا اسٹوئیوا اور اسٹیفانی اسٹیووا کا سامنا کریں گے۔ اس سے قبل، عالمی چمپئن شپ کے سلور میڈل جیتنے والے سری کانت جو حال ہی میں اپنی فارم کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں، سال کے پہلے ٹورنمنٹ میں جیت درج کرنے میں ناکام رہے اور انہیں عالمی نمبر 17 جاپان کے کینتا نیشیموتو سے 19-21، 14-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف نہوال کو چین کے ہان یو سے 12-21، 21-17، 12-21 سے شکست ہوئی۔ ابتدائی گیم ہارنے کے بعد نہوال نے دوسری گیم 21-17 سے جیت کر مقابلے میں واپسی کی اور فیصلہ کن گیم میں تاہم ہندوستانی شٹلر اپنی رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور دنیا کے نمبر 11 چینی کھلاڑی کے خلاف ہارگئی۔ دوسرے مقابلوں میں آکرشی کشیپ کو بھی اپنے پہلے راؤنڈ میں چینی تائپے کی وین چی سو کے خلاف 10-21، 8-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مردوں کی ڈبلز جوڑی کرشنا پرساد گارگا اور وشنو وردھن گوڈ پنجالا کو ابتدائی راؤنڈ میں جنوبی کوریا کے کانگ من ہیوک اور سیو سیونگ جے کے خلاف 10-21، 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریسا اورگایتری کی خواتین کی ڈبلز جوڑی نے سوپر 1000 ٹورنامنٹ کے پہلے دن ہندوستان کی واحد جیت درج کی۔ دو بارکی اولمپک میڈل جیتنے والی پی وی سندھو کا اپنے پہلے میچ میں اسپین کی کیرولینا مارین سے مقابلہ ہوگا جبکہ لکشیا سین اپنے ہم وطن ایچ ایس پرنائے کے ساتھ راؤنڈ آف 16 میں جگہ کے لیے ٹکرائیں گے۔ عالمی چمپئن شپ میں برونز میڈل جیتنے والی مردوں کی ڈبل جوڑی چراگ شیٹی اور ستوک سائراج رینکیریڈی کا مقابلہ جنوبی کوریا کے چوئی سول گیو اور کم وون ہو سے ہوگا۔