نئی دہلی ۔28 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)اپولو اسپتال نئی دہلی میں ملائشیا سے آئی ایک 10 ماہ کی بچی کا کامیابی کے ساتھ جگر کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے ۔اس بچی بے بی نور کو پیدائش کے فوراً بعد ہی یرقان کا مرض ہو گیا تھا ، جو آہستہ آہستہ بڑھتا گیا اور بعد میں اسے جگر کی انوکھی بیماری یعنی بائیلری اٹیسیا ہوگئی۔ یہ مرض دنیا بھر میں پیدا ہونے والے ہر 12000 بچوں میں سے ایک میں پایا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ نور ہیٹرو ٹیکسی میں بھی مبتلا تھی ، جس میں گردن اور پیٹ کے اندرونی اعضاء کا انتظام غیر معمولی ہوتا ہے ۔ اس کا پیٹ اور جگر درمیان میں تھے اور دل سینے کے بیچ میں تھا۔اس بچی کی 2 ماہ کی عمر میں کوالالمپور میں ایک کسائی سرجری ہوئی جو ناکام ہوگئی۔بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر انوپم سبل (پیڈیاٹرک گیسٹرواینٹرولوجسٹ اور ہیپاٹولوجسٹ) نے بتایاکہ اگر کسائی سرجری سے یرقان کا مرض ٹھیک نہیں ہوتا توجگر کا ٹرانسپلانٹ ہی واحد متبادل ہوتا ہے ۔
