ملائیشیا میں سزائے موت ختم، یوروپی یونین کا خیر مقدم

,

   

ہم نے ہر زمانے میں سزائے موت کی مخالفت کی ہے، دیگر ممالک میں بھی سزاختم کرنے کی مساعی جاری

برسلز۔ یوروپی یونین نے ملائیشیا کی جانب سے اپنے ملک میں سزائے موت کو ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یوروپی یونین ملائیشیا کے سزائے موت کو ختم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے جو دنیا بھر کے رجحان کے مطابق سزائے موت کے مکمل خاتمہ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ملائیشیا کی حکومت کی طرف سے اس فیصلے کو تیزی سے قانون میں تبدیل کرنے کے منتظر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یورپین یونین سزائے موت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوششوں میں ملائیشیا کی حمایت کیلئے تیار ہے۔ یورپین یونین کے مطابق ’اصولی طور پر یورپین یونین ہر وقت اور ہر حال میں سزائے موت کی سختی سے مخالفت کرتی ہے کیونکہ سزائے موت زندگی کے ناقابل تنسیخ حق کی خلاف ورزی کرتی ہے اور یہ حتمی ظالمانہ اور غیر انسانی سزا ہے جو جرم کی روک تھام کے طور پر کام کرنے میں ناکام رہتی اور انسانی وقار اور سالمیت کے ناقابلِ قبول انکار کی نمائندگی کرتی ہے۔ اعلامیہ میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ یورپین یونین ان چند باقی ماندہ ممالک میں بھی سزائے موت کے خاتمہ کے لیے کام جاری رکھے گا جو اب بھی اس کا اطلاق کرتے ہیں۔ یہاں اس بات کی تذکرہ ضروری ہے کہ دنیا کا ہر ملک اس بات کا خواہاں ہے کہ اگر جرائم کی شرح میں قابل لحاظ کمی ہوتی ہے تو سزائے موت از خود داستان پارینہ بن جائے گی۔