کوالالمپور : ملائیشیا میں نئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے ناموں پر غور کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ سابق نائب وزیراعظم صابری یعقوب اس سلسلے میں اہم امیدوار ہیں۔ وزیراعظم محی الدین یاسین کے پیر کے روز مستعفی ہو جانے کے بعد بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے نئے وزیراعظم کے انتخاب تک محی الدین یاسین ہی کو ہی بطور عبوری وزیراعظم خدمات سرانجام دیتے رہنے کا کہا ہے۔ بادشاہ نے نئے وزیراعظم کا نام دینے کے لیے چہارشنبہ کے روز تک کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی تھی اور کہا تھا کہ نئے وزیراعظم کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینا ہو گا۔ کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر جمعہ کے روز تک نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔