ملائیشیا میں 4 تا 6 ستمبر مسلم ورلڈ بزنس شو

   

35 سے زائد ممالک کے وفود کی شرکت، مسلمانوں میں تجارت اہم موضوع

کواللالمپور / نئی دہلی۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالم اسلام میں ملائیشیا ایک ایسا ملک ہے جس نے تجارت کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے۔ ویسے بھی دین اسلام میں تجارت کی بہت اہمیت ہے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و سلم نے باضابطہ تجارت کرنے کا حکم دیا ہے اور تجارت میں دیانتداری سچائی اور وقت کی پابندی کو خاص اہمیت دی گئی۔ مسلم تاجرین کی دیانتداری سچائی وقت کی پابندی صلہ رحمی و انسانوں سے محبت اور احترام انسانیت کے نتیجہ میں ہی ملائیشیا میں اسلام کی روشنی پھیلی۔ یہی وجہ ہے کہ ملائیشیا میں تجارت کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ اب ملائیشیا مسلم ورلڈ بزنس شو کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔ 4 تا 6 ستمبر او آئی سی انٹر نیشنل بزنس اینڈ انوسٹمنٹ زون سالانہ تجارتی نمائنش اور کانفرنس کا اہتمام ہورہا ہے جسمیں 35 ممالک کے وفود اور ماہرین شرکت و خطاب کریں گے۔ یہ نمائش اور کانفرنس کوالالمپور کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگی۔ اسلامک سنٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹریڈ (ICDT) مراقش کے تعاون و اشتراک سے اس کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ICDT آو آئی سی کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ کانفرنس اور نمائش کو اسوسی ایشن ااف مسلم ورلڈ بزنس ملائیشیا کا بھی تعاون و اشتراک حاصل ہے۔ کانفرنس اور نمائش میں جو لوگ شرکت کررہے ہیں ان میں تجارتی ادارہ کے مالکین، چیف ایگزیکٹیو آفیسرس، صنعت کار، سراری عہدیدار، ماہرین اقتصادیات، ماہرین تعلیم اور کمیونٹی رہنما شامل ہیں۔ 9 ویں مسلم ورلڈ بزنس کانفرنس تین حصوں پر مشتمل ہوگی۔ اگزیبشن زون، کانفرنس زون اور باوقار تقسیم ایوارڈ تقریب، 4 تا 6 ستمبر ہمہ شعبہ جاتی تجارتی عالمی نمائش ہوگی۔ 4 تا 5 ستمبر گول میز کانفرنس ہوگی۔ 5 اور 6 ستمبر کو مسلم ورلڈ ویمنس چوٹی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ 4 ستمبر کو او آئی سی عرب ایشیاء ٹریڈ اینڈ اکانومک فورم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 5 ستمبر کو مسلم ورلڈ ایوارڈس تقسیم کئے جانے کی تقریب ہوگی۔