کوالالمپور ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتر محمد نے عندیہ دیا ہیکہ وہ ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاملات پر نظر ثانی کریں گے۔مہاتر محمد کا یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے کہ ہندوستان ملائیشیا سے تجارت کو محدود کرنے پر غور کر رہا ہے۔ملائیشیا کے سرکاری خبر رساں ادارے’برناما‘ کے مطابق اتوار کو مہاتر محمد نے کہا کہ ان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ تجارت کے معاملات پر نظر رکھے گی۔ جس سے متعلق اطلاعات ہیں کہ اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں ملائیشین وزیرِ اعظم کے کشمیر سے متعلق بیان کے بعد ہندوستان ملائیشیا سے تجارت محدود کرنے پر غور کر رہا ہے۔مہاتر محمد نے کہا کہ ان کی حکومت ہندوستان کے اقدامات اور اس سے ہونے والے اثرات کا بھی جائزہ لے گی۔ ان کے بقول ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان یک طرفہ تجارت نہیں بلکہ باہمی بنیادوں پر ہے۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ملائیشیا کے حکومتی اور صنعتی ذرائع نے گزشتہ ہفتے انہیں بتایا تھا کہ نئی دہلی ملائیشیا سے ناریل کے تیل کی درآمد محدود کرنے کے ذرائع پر غور کر رہا ہے۔ ان کے بقول یہ اقدام مہاتر محمد کی اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلامیں کشمیر سے متعلق تقریر کے سلسلے میں اٹھایا جا رہا ہے جس میں ملائیشین وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ہندوستان نے کشمیر پر حملہ کر کے قبضہ کیا ہوا ہے۔ ملائیشیا کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے تجارتی پابندیوں سے متعلق کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے۔
