ملائیشیا کے وزیر اعظم کی بادشاہ کو ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز

   

کولالمپور:ملائیشیا کے شاہی محل کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم محی الدین یاسین نے ملک میں ایمر جنسی کے نفاذ کی تجویز پیش کردی ہے جس پر بادشاہ سلطان عبداللہ نو شاہی خاندانوں کے سربراہان سے مشاورت کریں گے۔ میڈیا کے مطابق وزیر اعظم محی الدین یاسین نے جمعے کو بادشاہ سے ہونے والی ملاقات میں ملک میں ایمر جنسی نافذ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ جس میں پارلیمنٹ کی معطلی بھی شامل تھی۔خیال رہے کہ ملائیشیا میں نو شاہی خاندانوں کے سربراہان پر مشتمل کونسل کے پاس کسی بھی قانون پر عمل در آمد روکنے اور قومی معاملات پر سوالات اٹھانے کے اختیارات موجود ہیں۔حزبِ اختلاف کے رہنما انور ابراہیم نے ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز کو وزیرِ اعظم محی الدین کی اختیارات قابو میں رکھنے کی کوشش قرار دیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔وزیرِ اعظم نے ایمر جنسی کے نفاذ کی تجویز ایسے وقت میں دی ہے کہ جب ملائیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف معیشت متاثر ہوئی ہے۔ بلکہ وزیرِ اعظم کی پارلیمان میں اکثریت کو برقرار رکھنے اور 2021 کے لیے بجٹ منظور کرانے سے متعلق صلاحیت پر بھی شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔شاہی محل کے بیان میں وزیرِ اعظم کی تجویز کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔