حیدرآباد ۔ /7 اپریل (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے 6 ملیشین باشندوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا جو ٹورسٹ ویزا پر مارچ میں حیدرآباد آئے تھے اور ٹولی چوکی کی مسجد میں قیام کئے ہوئے تھے ۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن این کلینگا راؤ نے کہا کہ دہلی کے نظام الدین مرکز کو جانے والے افراد رضاکارانہ طور پر پولیس کو اطلاع فراہم کرنے کی اپیل کے باوجود بھی ملیشیا سے تعلق رکھنے والے 6 باشندے جو ٹولی چوکی کی مسجد میں قیام کئے ہوئے تھے پولیس کو ان کی موجودگی کی اطلاع نہیں دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں ملیشیاء کا گروپ دیگر تبلیغی جماعت کے ارکان کے ساتھ مرکز گئے ہوئے تھے اور شہر واپس لوٹنے کے بعد مسجد میں قیام کئے ہوئے تھے لیکن اس بات کو پوشیدہ رکھا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس بنجارہ ہلز کی ٹیم نے ملیشین باشندوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا اور ان کے خلاف دھوکہ دہی کے علاوہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور فارنرس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔