ملائیشیا ۔تھائی لینڈ سرحد پر کشتیاں غرقاب ، 300 افراد لاپتہ

   

کوالالمپور / بنکاک : 9 نومبر ( ایجنسیز ) ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی سرحد پر تارکین وطن کی کشتیاں ڈوب گئی۔ ملائیشین میری ٹائم اتھارٹی کا بتانا ہے کہ کشتی ڈوبنے کا واقعہ تین دن قبل پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا اور 300 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 10 افراد کو بچالیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک کشتی میں میانمار، روہنگیا اوربنگلہ دیشی تارکین وطن سوار تھے جبکہ دو دیگر کشتیوں کے بھی لاپتا ہونے کی اطلاع ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ملائیشیا آنے والے 300 سے زائد افراد پہلے ایک بڑے جہاز میں سوار تھے، بعد میں انھیں 100،100کی تین چھوٹی کشتیوں پر منتقل کیا گیا۔

جنوبی برازیل میں طوفان ، 6افراد ہلاک
ساؤ پالو ، 9 نومبر (یو این آئی) برازیل کی جنوبی ریاست پرانا میں جمعہ کی رات آئے طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے ، حکام نے ہفتہ کے روز بتایا کہ تقریبا 750 افراد زخمی اور کم از کم ایک شخص لاپتہ ہے ۔مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ریو بونیٹو ڈو اگواکو قصبے میں متعدد مکانات اور عمارتیں تباہ ہوگئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قصبے کا تقریبا 80 فیصد حصہ ، جس میں تقریباً14 ہزار افراد آباد ہیں ، تباہ ہوگیا ۔حکام نے ایک نیوز ریلیز میں بتایا کہ پرانا کے گورنر کارلوس ماسا رتینہو جونیئر نے امدادی اور تعمیر نو کی کوششوں کے لیے ہنگامی فنڈز کے اجرا کو تیز کرنے کے لیے عوامی آفت کا اعلان کیا ہے ۔