ملازمتوں کی فراہمی میں ناکامی کے سی آر چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائے

   

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین کو یادداشت ، شرمیلا کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سربراہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی شرمیلا نے ملازمتوں کی فراہمی میں ناکام ہوجانے والے کے سی آر کو فوری چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ آج شرمیلا نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین جناردھن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ملازمتوں کی فراہمی کے لیے ایک یادداشت پیش کی ۔ بعد ازاں بیروزگار نوجوانوں کی تائید وحمایت میں کمیشن کے دفتر کے پاس احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ شرمیلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی بسوال کمیٹی نے ریاست میں 1.90 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی رپورٹ پیش کی ہے ۔ لیکن مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کرنے کے بجائے چیف منسٹر کمیٹیوں پہ کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے وقت ضائع کررہے ہیں ۔ ایسے چیف منسٹر کی ریاست کے عوام کو ضرورت نہیں ہے جو صرف انتخابی فائدے کے لیے وعدے کرتے ہیں اور کامیابی کے بعد وعدوں کو فراموش کردیتے ہیں ۔ کے سی آر فوری چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ۔ شرمیلا نے بیروزگاری بھتہ بھی فوری جانے کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر انتخابات سے قبل عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہیں اس کے بعد وعدوں سے انحراف کرنا ان کی عادت بن چکی ہے ۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے علاوہ اور بھی کئی وعدے کئے گئے جس کو پورا نہیں کیا گیا ۔۔ ن