ملازمتوں کے حصول کیلئے انگریزی زبان پر عبور حاصل کریں

   

ظہیرآباد میں ضلعی سطح کا سمینار، پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کا خطاب

ظہیر آباد ۔ 28 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں طلبا ء کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک روزہ ضلعی سطح کا انگریزی سمینار بعنوان ’’مائی فیوریٹ انڈین انگلش رائٹر ‘‘ ( میرا پسندیدہ ہندستانی انگریزی ادیب ) منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ ادب زندگی کی ترجمانی کرتا ہے۔ ادب کسی بھی زبان کا ہو ، وہ اپنے اندر ایک پیغام رکھتا ہے۔ ادب سے سماجی اصلاح اور ترجمانی کا کام بھی لیا گیا ہے۔ ہندوستانی ادبیوں خاص طور سے آر کے نارائن ‘ رابندر ناتھ ٹیگور ‘ سروجنی نائیڈو ، اروندھتی رائے‘ چیتن بھگت اور دیگر نے بھی اپنی نثری اور شعری تخلیقات سے انگریز ی ادب کا دامن وسیع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سمینار میں شرکت سے طلبا ء میں مقابلہ آرائی ، اسٹیج پر مقالہ پیش کرنے اور ترقی کا موقع ملے گا – طلبا ء کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں کیوں کہ موجودہ دور میں ملازمتوں میں طلباء کی انگریزی دانی پر زیادہ زور دیا جارہا ہے۔ سمینار سے ڈاکٹر رویندر ریڈی‘ ڈاکٹر محمد غوث ‘ ڈاکٹر نرہری مورتی‘ ڈاکٹر ودیا ساگر نے بھی خطاب کیا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ انگریزی کے خوف سے باہر نکلیں۔ درست انگریزی بولنے کے لئے ماہرین کی تقاریر سنیں۔ انگریزی اخبار کا پابندی سے مطالعہ کریں اور انگریزی میں اپنے خیالا ت کو نظم و نثر کی شکل میں پیش کرنے کی کوشش کریں۔ طلباء اپنی تخلیقات کالج میگزین اور شعبہ انگریزی کے بلاگ پر بھی پیش کرسکتے ہیں۔ اس سمینار میں سنگاریڈی کے مختلف ڈگری کالجوں سے طلباء نے اپنے پسندیدہ انگریزی ادبیوں اور شعراء پر مقالے پیش کئے ۔ ان میں گورنمنٹ ڈگری کالج سداسیو پیٹ سے محمد ارباز اورسریکانت نائر‘ گورنمنٹ ڈگری کالج جوگی پیٹ سے شیوا پرساد اور اجو‘ اچاریہ ڈگری کالج ظہیر آباد سے شراونی اور کاویری‘ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد سے معراج ترنم ‘ نازیہ بیگم ، تانیہ تحسین، عشرت بیگم اور سنجنا نے مقالے پاور پوائنٹ کی مدد سے پیش کئے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام مقالہ پیش کرنے والے طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹ اور مومنٹو پیش کئے گئے۔ تلنگانہ اسکلس اینڈ ڈیولپمنٹ کی ذمہ دار دیوی میڈم نے تکنیکی مدد کی۔