ملازمتوں کے حصول کیلئے تیاری کرنے والے امیدوار چھ ماہ تک فلموں سے دور رہیں

   

اسمارٹ فونس میں واٹس اپ ، فیس بک اور انسٹاگرام کو بند کردیں ، کے ٹی آر کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے تیاری کرنے والے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ 6 ماہ تک فلموں سے دوری اختیار کریں ۔ کرکٹ کم دیکھیں ، فون میں واٹس اپ ، فیس بک ، انسٹا گرام کو بند کرتے ہوئے ساری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں ۔ فون کے استعمال کو کم کرنے پر زیادہ فائدہ ہوگا ۔ ماں باپ کو سکون فراہم کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ وزیر لیبر ملا ریڈی کی جانب سے مرزا گوڑہ کے حدود میں قائم کردہ مفت کوچنگ سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چند دن قبل اسمبلی میں چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاست میں پہلا مفت کوچنگ سنٹر قائم کرنے کا اعزاز وزیر ملا ریڈی کو جاتا ہے ۔ کوچنگ سنٹر میں تمام انتظامات بڑے پیمانے پر کئے گئے ہیں ۔ تین تا چار ماہ تک کوچنگ سنٹر کی خدمات حاصل رہے گی ۔ صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کلاسیس جاری رہیں گے ۔ کوچنگ سنٹر میں دوپہر کا لنچ کے علاوہ اسناکس بھی دیا جارہا ہے ۔ کے ٹی آر نے انتظامیہ کو ایک لائبریری کا بھی اہتمام کرنے کا مشورہ دیا ۔ امیدواروں کو ریاستی حکومت کے ٹی سیاٹ چینلس سے بھی استفادہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ ماہرین تعلیم کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ و امیدواروں کی رہنمائی کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے علاوہ خانگی ملازمتوں کے لیے بھی بڑے پیمانے کی مسابقت ہے ۔ محنت کرنے والوں کو کامیابی نصیب نہیں ہوتی ہے ۔ اگر سرکاری ملازمتیں حاصل نہ ہونے پر امیدواروں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ٹی ایس آئی پاس کے تحت 19 ہزار صنعتیں قائم ہوئی ہیں ۔ جن میں 13 ہزار کمپنیوں نے اپنی خدمات کا آغاز کردیا ہے ۔ مزید 6 ہزار کمپنیاں بہت جلد اپنی خدمات کا آغاز کریں گے ۔ خانگی شعبوں میں بھی بڑے پیمانے پر روزگار کے موقع فراہم ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ کے طلبہ اور امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے والی کمپنیوں کو رعایتیں دی جارہی ہیں اور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے مختلف شعبوں میں 15 لاکھ 62 ہزار مخلوعہ جائیدادیں ہیں اس پر بھی تقررات کرنا ہوگا ۔ اس میں بھی تلنگانہ کو 60 تا 70 ہزار ملازمتیں حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔۔ ن