ملازمتوں کے حصول کیلئے عصری تقاضے کی تکمیل لازمی

   

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں جاب میلہ سے پرنسپل محمد اسلم فاروقی کا خطاب
ظہیر آباد۔21ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دور حاضر میں ملازمتوں کے حصول کے لیے عصری تقاضے لازمی ہیں۔اس لیے ضرورت اس بات کی ہیکہ نوجوان اپنی تعلیمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انگریزی میں روانی سے گفتگو‘ شخصیت سازی اور کمپیوٹرکے استعمال کے ہنر سے واقف رہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد نے کالج میں منعقدہ میگا جاب میلے کی افتتاحی تقریب سے کیا۔ اس جاب میلے کا انعقاد میجک بس انڈیا فاؤنڈیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام کالج میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس جاب میلے میں ویپرو‘ ٹیک مہندرا‘کیو کنیکٹ‘ اکسس بنک‘ آئی سی آئی سی آئی اور دیگر اداروں کے ایچ آر مینیجر وں نے مسٹر شریف انچارج میجک بس انڈیا فاؤنڈینش کی نگرانی میں نوجوان طلباء و طالبات کے لیے انٹرویوز منعقد کئے۔ اس جاب میلے میں ظہیر آباد‘ سداسیو پیٹ‘سنگاریڈی‘ کوہیر‘ نارائن کھیڑ اور دیگر علاقوں سے آئے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ جاب میلے میں مختلف ڈگری کالجوں سے ڈگری کامیاب ہونے والے دو سو سے زائد نوجوان طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ انٹرویو کے بعد 40 اہل طلباء و طالبات کو مختلف کمپنیوں میں ملازمت کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس جاب میلے کی نگرانی کالج کے لیکچررز ڈاکٹر رویندرریڈی‘ ڈاکٹر محمد غوث‘ ڈاکٹر عائشہ بیگم‘ ڈاکٹر راجندر کمار‘ ودیا ساگر بدر سلطانہ اور دیوی نے کی۔