حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پرانے شہر کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کی غرض سے ساوتھ زون پولیس نے TMI گروپ کے تعاون سے 12 جنوری کو صبح10 تا شام 5 بجے میر چوک پولیس اسٹیشن پر جاب میلے کا اہتمام کیا ہے ۔ اس میلہ میں تقریبا بارہ سو نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں کیلئے منتخب کیا جائے گا ۔ ’ جاب کنکٹ ‘ پروگرام کے لیے ساتویں کلاس تا پی جی امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے پوسٹر کا اجراء امبرکشورجھا ، ڈی سی پی ساوتھ زون ، سید رفیق اڈیشنل ڈی سی پی ، بی آنند اے سی پی اور ایس سرینواس گوڑ ، ایس ایچ آر میر چوک نے مشترکہ طور پر کیا ۔ صحافت سے بات کرتے ہوئے انسپکٹر آف پولیس میر چوک پولیس اسٹیشن ایس سرینواس گوڑ نے کہا کہ حیدرآباد سٹی کمشنر آف پولیس ، ڈی سی پی ساوتھ زون کی ہدایات پر میر چوک پولیس اسٹیشن پر ’ جاب کنکٹ ‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ انہوں نے پرانے شہر کے بیروزگار نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع سے اس کو تعبیر کیا ۔ اس پروگرام کے بارے میں شعور بیداری پیدا کرنے کی غرض سے اس کے آرگنائزرس نے دورہ کر کے مختلف نوجوانوں کو اس میں حصہ لینے کی صلاح دی اور اس مقصد کے لیے رجسٹریشن فارمس بھی جاری کئے ۔ اس پروگرام میں جملہ چھ کمپنیز حصہ لے رہی ہیں اور امیدوار کو چاہئے کہ وہ اپنے سی وی کے ساتھ رجوع ہوں ۔ بارہ سو ملازمتوں میں سے آٹھ سو کا تعلق سیکوریٹی رینگس اور چار سو کا تعلق دوسرے رینگس سے ہے ۔۔