ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دینے والی دو رکنی ٹولی بشمول خاتون گرفتار

   

ملزمین پر متعدد مقدمات ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 11 جولائی (سیاست نیوز) ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دینے والی دو رکنی ٹولی بشمول ایک خاتون کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ ریشماں بیگم عرف نیہا ساکن ملے پلی دیگر افراد شیخ ندیم، محمد علی اور محمد جعفر کی مدد سے ملازمت فراہم کرنے کے بہانے بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی تھی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز عارضی جاب کنسلٹنٹ قائم کیا کرتے تھے اور یہ دعویٰ کیا کرتے تھے کہ وہ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرسکتے ہیں اور فی کس دیڑھ تا دو لاکھ روپئے وصول کیا کرتے تھے۔ بے روزگار نوجوانوں سے رقومات اور اُن کے دستاویزات حاصل کرکے چینائی سے فرضی تقرر نامے تیار کرکے نوجوانوں کے حوالے کیا کرتے تھے۔ نوجوانوں سے آن لائن رقومات اپنے بینک کھاتے میں جمع کروائے جارہے تھے۔ ریشماں بیگم اور اُس کے ساتھیوں کے خلاف کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن، رچہ کنڈہ کی سائبر کرائم پولیس اسٹیشن اور ایس آر نگر پولیس اسٹیشن میں جملہ 4 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ ریشماں بیگم کے خلاف گزشتہ دو برسوں میں مادھاپور، نارائن گوڑہ، ملک پیٹ اور سلطان بازار میں اِسی قسم کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمین کو ایس آر نگر پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔