نوجوانوں کو نوکری حاصل کرنے کی تلقین ، جاب میلہ سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) ملازمت بیروزگاری سے بہتر ہے۔ پہلی نوکری تجربہ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بنتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ نے کیا۔ وہ آج یہاں آصف نگر میں منعقدہ ٹی۔ سنامی جاب میلہ سے مخاطب تھے۔ صدیقہ فنکشن ہال میں منعقدہ اس جاب میلہ پروگرام میں جناب عامر علی خاں نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور نوجوانوں کو مخاطب کیا۔ ملازمت کے حصول کیلئے شریک نوجوان کافی دلچسپی کے ساتھ جناب عامر علی خاں کو سن رہے تھے۔ انہوں نے منتظمین کو اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی ہمت افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ملازمت فراہم کی جائے اور وہ جب تک ملازمت پر فائز رہے گا تو ملازمت دلانے والے کو اس کا ثواب برابر حاصل ہوتا رہے گا۔ انہوں نے بیروزگاری کے عروج والے اس دور میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کو خدمت خلق کا بہترین اقدام قرار دیا اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پہلی نوکری کو حاصل کرلیں چاہے وہ ان کی قابلیت اور صلاحیت کے موافق کیوں نہ ہو چونکہ پہلی ملازمت آپ کے تجربہ میں اضافہ کا ذریعہ بنتی ہے اور کے ذریعہ دیگر کئی مواقع آپ خود حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے آمدنی کے ذریعہ اور روزگار کے تعلق سے سرکاری پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتوں کا رویہ ترقی پسند رہتا ہے اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع دیئے جاتے ہیں تو پھر مرکزی حکومت کا دعویٰ سال 2047 تک سچ ثابت ہوسکتا ہے۔ جیسا کہ ملک کی حکومت کہہ رہی ہے کہ سال 2047 تک ملک میں ہر شہری کی شرح آمدنی 10 ہزار امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ نے ٹی ۔ سنامی جاب میلہ میں شریک کمپنیوں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں میں جاب آفر لیٹر تقسیم کئے۔ اس موقع پر آرگنائزر ٹی سنامی جاب میلہ منان خان نے بتایا کہ آج کے اس جاب میلہ پروگرام میں 150 نوجوانوں میں آفر لیٹر تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس جاب میلہ میں انجینئرس کو کافی فائدہ حاصل ہوا ہے جبکہ ہمہ اقسام کی ملازمتوں کا موقع فراہم کیا گیا تھا جہاں 55 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی جن میں ملٹی نیشنل اور ڈومیسٹک کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ جاب میلہ جسمانی معذورین کے لئے منعقد کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کمپنیوں سے بھی بات چیت مکمل کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر منتظمین اور دیگر موجود تھے۔ع