ملازمت فراہم کرنے کا دھوکہ ،ریٹائرڈ اسسٹنٹ انجینئر گرفتار

   

حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں جونیر لائن مین کی ملازمت فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ دینے والے ریٹائرڈ اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 67 سالہ گوکل شام سندر ساکن ملک پیٹ محکمہ برقی میں طویل عرصہ تک ملازمت کی تھی اور 2012 میں اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر کے عہدہ سے سبکدوشی حاصل کی تھی۔ وظیفہ کی رقم کافی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے بیروزگار نوجوانوں کو ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں جونیر لائن مین کی ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی بے روزگاروں سے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے اور ملازمت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ اس ضمن میں سیف آباد پولیس نے دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا تھا اور ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے محکمہ ویجلینس کی مدد سے اسے گرفتار کرلیا اور متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا۔