روزگار کا متلاشی شخص 94,572 روپئے سے محروم
حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی کے ایک نئے انداز کو بے نقاب کیا ہے جہاں محض 10 روپئے رجسٹریشن فیس کی پیشکش کرتے ہوئے ایک بیروزگار کے بینک کھاتے سے 94,572 روپئے لوٹ لئے گئے۔ سائبر کرائم سائبرآباد پولیس کے مطابق کوکٹ پلی علاقہ کے ساکن این مہادشنووردھن نے 7 جنوری کو سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی۔ یہ بیرومگار شخص روزگار کی تلاش میں تھا اور اس نے مختلف جاب پورٹل میں اپنا ریزیوم اپ لوڈ کیا تھا اور ملازمت کیلئے منتظر تھا۔ اس شخص کو فون پر اطلاع دی گئی کہ وہ اپنا نام رجسٹرڈ کروالیں اور بطور رجسٹریشن 10 روپئے فیس ادا کریں جس کے فوری بعد اس شکایت گذار کو ایک لنک روانہ کیا گیا اور اس لنک کے ذریعہ تفصیلات کو درج کرنے کی خواہش کی گئی۔ اس لنک سے جڑنے کے بعد شکایت گذار نے 10 روپئے بطور آن لائن ادائیگی کیلئے رابطہ قائم کیا اور اس شخص کو OTP بھی جاری کیا گیا۔ جیسے ہی اس نے OTP کا استعمال کیا اس کے فون پر ’’ریرر‘‘ کا پیغام آیا اور پھر تھوڑی ہی دیر بعد اس شخص کو ایک میسج کے ذریعہ اطلاع حاصل ہوئی کہ اس کے بینک کھاتے سے 94,572 روپئے نکالے گئے ہیں۔ اس بات سے سخت پریشان اس شخص نے سائبر کرائم پولیس کا رخ کیا اور درخواست پیش کی۔ سائبر کرام پولیس نے بیروزگار نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ ایسے دھوکہ باز افراد کے جھانسہ میں نہ آئیں اور بغیر پہچان کسی کو اپنی تفصیلات نہ دیں۔