کراچی ۔ تھائی لینڈ میں ایک خاتون نے اپنے مالک سے ناراضگی کے سبب مبینہ طور پر تیل کے گودام کو آگ لگادی جہاں وہ کام کرتی تھی۔ آگ سے 40ملین سے زائد تھائی بھات (تقریباً900,000یورو، تقریباً 18کروڑ روپے) مالیت کا نقصان ہوا اور وہ تیزی سے اس عمارت میں پھیل گئی جس کو ہزاروں لیٹر تیل کے ٹینک ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ 38 سالہ سریا نامی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ تیل کمپنی کا مالک ان کے کام سے خوش نہیں تھا اور ہمیشہ انہیں ڈانتا رہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس حد تک نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی۔خاتون خود بھی اس واقعہ میں زخمی ہوگئی تھیں۔ پولیس کی جانب سے ملازمہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے تھائی لینڈ میں پراپاکورن نامی گودام میں تیل کے کنٹینر پر کاغذ کے ٹکڑے کو پھینکنے سے قبل لائٹر سے آگ لگائی تھی۔