ملازمین آن لائن گیمز اور بیٹنگ میں ملوث نہ ہوں

   

سدی پیٹ میں آرمڈ ریزرو پولیس اسٹاف کی ہفتہ واری پریڈ ، سبھاش چندر بوس کا خطاب
سدی پیٹ۔22 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آن لائن گیمز اور بیٹنگ کی طرف مائل ہو کر اپنے سنہرے مستقبل کو برباد نہ کریں، یہ بات سدی پیٹ اے آر کے ایڈیشنل ڈی سی پی سبھاش چندر بوس نے پولیس افسران و عملے کو خبردار کرتے ہوئے کہی۔ ہفتہ کے روز، سدی پیٹ پولیس کمشنر ڈاکٹر بی انورا دھا ریڈی کی ہدایت پر، سدی پیٹ۔پداکوڈورو گاؤں کے مضافات میں واقع سی اے آر ہیڈکوارٹرز میں ضلع کے سیول اور آرمڈ ریزرو پولیس اسٹاف کی ہفتہ وار پریڈ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی چندر بوس نے اسٹاف کی جانب سے پیش کی گئی آرمز ڈرل اور اسکواڈ ڈرل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار پریڈ کے ذریعے عملے کو جسمانی فٹنس اور صحت کے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔ وقت ملنے پر ورزش کرنا بہت ضروری ہے تاکہ افسران کسی بھی بیماری سے محفوظ رہ کر اپنی ڈیوٹی انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس کو ہمیشہ برقرار رکھنا چاہیے۔ چندر بوس نے منشیات، گانجا اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف ہوشیار رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جس طرح ڈیوٹی اہم ہے، اسی طرح صحت کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ انہوں نے موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمیٹ کا لازمی استعمال کرنے اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں سینئر افسران سے رجوع ہونے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس کو خبردار کیا کہ وہ بری عادتوں سے دور رہیں اور ایک اچھا طرزِ زندگی اپنائیں۔ ڈسپلن کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے کر ضلع اور تلنگانہ پولیس محکمے کی عزت میں اضافہ کریں۔ عملے کو ان کے فرائض اور ممنوعہ سرگرمیوں کے بارے میں متعدد ہدایات دی گئیں۔ اگر کسی کو ذاتی، ڈیوٹی یا صحت سے متعلق کوئی مسئلہ ہو تو اسے سینئر افسران کی توجہ میں لانا چاہیے۔ انہوں نے سائبر کرائمز اور سوشل میڈیا کے خطرات سے آگاہ رہنے پر زور دیا۔ آن لائن گیمز اور بیٹنگ کے ذریعے زندگی کو برباد نہ کرنے کی سخت ہدایت دی۔ انہوں نے سرویس اور ذاتی مسائل سے متعلق عملے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر ٹریفک اسٹاف نے ٹریفک سگنلز اور فرائض سے متعلق پریڈ میں حصہ لیا۔ اس پروگرام میں سدی پیٹ اے سی پی مدھو، ریزرو انسپکٹرز کارتک، پُورنا چندر، دھرنی کمار، راجیش، وشنو پرساد، ٹریفک انسپکٹر پروین کمار، ایس آئیز، آر ایس آئیز، پولیس اور اے آر اسٹاف نے شرکت کی۔