چیف منسٹر کو مکتوب، مقامی ہونے کی شرط نظرانداز، نئے قواعد طئے کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملازمین کی تقسیم کے معاملہ میں اساتذہ اور ملازمین کے ساتھ ناانصافیوں کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے نئے زونل سسٹم کے تحت نئے اضلاع میں ملازمین کے الاٹمنٹ سے متعلق موجودہ گائیڈ لائنس سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ نئے گائیڈ لائنس طئے کئے جائیں تاکہ کسی سے ناانصافی کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ہونے کی بنیاد پر تقسیم کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن موجودہ گائیڈ لائنس کے نتیجہ میں ملازمین اپنے آبائی مقام پر پوسٹنگ سے محروم ہیں۔ نئے اضلاع کی بنیاد پر الاٹمنٹ کے بجائے سابقہ اضلاع کو یونٹ قرار دیتے ہوئے ملازمین اور اساتذہ کے تبادلوں کے نتیجہ میں ناانصافی کا اندیشہ ہے اور ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ حکومت نے نئے زونل سسٹم کے تحت ملازمین کی تقسیم کیلئے 6 ڈسمبر کو جی او نمبر 317 جاری کیا تھا۔ اس جی او کے نتیجہ میں بعض ملازمین کو فائدہ ہوا جبکہ زیادہ تر ملازمین کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اضلاع کی بنیاد پر تقسیم کے نتیجہ میں ملازمین کو دیگر اضلاع میں 20 تا 30 برس تک ملازمت انجام دینے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ نئے گائیڈ لائنس کے تحت ملازمین اپنے آبائی مقام سے منتقلی پر مجبور ہیں جس کے نتیجہ میں انہیں ریٹائرمنٹ تک دیگر اضلاع میں کام کرنا پڑیگا۔ سنیاریٹی کی بنیاد پر الاٹمنٹ اور تبادلوں سے متعلق جی او 317 سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ملازمین اور اساتذہ سے مشاورت کے بعد نئے گائیڈ لائنس تیار کئے جائیں۔ ریونت ریڈی نے ایجنسی علاقوں میں ملازمین کے الاٹمنٹ اور تقررات کو جی او نمبر 3 کے تحت مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضرورت پڑنے پر جونیر ملازمین کیلئے سوپر نیومری پوسٹ قائم کرتے ہوئے انہیں آبائی مقام پر متعین کیا جائے۔ر