حیدرآباد۔ 16 جون (این ایس ایس)ریاستی حکومت توقع ہے کہ 18 جون منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنے ملازمین کیلئے عبوری راحت کا اعلان کرسکتی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں توقع ہے کہ ریاستی ملازمین کو عبوری راحت کی فراہمی کیلئے کلیدی فیصلے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں کے سی آر ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں جس کیلئے ریاستی ملازمین طویل عرصہ سے درخواست کرتے رہے ہیں۔ چیف منسٹر اس ضمن میں متعلقہ عہدیداروں سے مالیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور اعلان کیلئے ایک رپورٹ کی تیاری کرسکتے ہیں۔ پے رویژن کمیٹی (پی آر سی) کی رپورٹ انتخابات کے سبب تقریباً 9 ماہ سے پیش نہیں کی جاسکی ،اس مرتبہ بھی پیشکشی کا بہت ہی کم امکان ہے۔ توقع ہیکہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ملازمین کے مساوی 27% سے زائد عبوری راحت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو موجودہ 58 سے بڑھاکر 61 سال کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ فینانس کے عہدیداروں نے حال ہی میں میڈیا سے کہا تھا کہ ریاست کی مالی صورت حال کافی بہتر ہے اور عوامی بہبود اور ترقیاتی اسکیمات کیلئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کو ملحوظ رکھتے ہوئے چیف منسٹر 18 جون کو اپنی کابینہ کے اجلاس میں ملازمین کیلئے کسی خوشخبری کا اعلان کرسکتے ہیں۔ 21% عبوری راحت کی صورت میں سرکاری خزانہ پر 8,100 کروڑ روپئے کا بوجھ حکومت کو برداشت کرنا ہوگا۔
