چیف سکریٹری سے کامیاب نمائندگی پر ملازمین نے اکبر الدین اویسی سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے محکمہ تعلیمات کے غیر تدریسی ملازمین اور دیگر محکمہ جات کے ملازمین نے ان کے تبادلوں کو روکنے کے لیے حکومت سے کی گئی کامیاب نمائندگی پر قائد مقننہ مجلس اکبر الدین اویسی سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ ویلفیر کے سرکاری ملازمین انہیں شہر سے اضلاع کو تبادلہ کرنے کی سرگرمیوں پر پریشان تھے ۔ مختلف محکمہ جات کے ملازمین محمد حسن سعید ، خواجہ سہیل احمد ، محمد فیاض ، محمد حمید ، بشیر الدین ، محمد ساجد ، وحید الدین الطاف ، ذاکر حسین ، راجکمار ، بھاسکر ، دیوی پرساد ، عمران خان ، منجو لتا ، پرونیا ، کوثر تبسم ، عظمت النساء ، ارچنا ، وجیہ لکشمی ، انورادھا کے علاوہ دوسرے ملازمین نے اپنے مسائل پر دارالسلام پہونچکر اکبر الدین اویسی کو واقف کرایا جس پر مجلس کے قائد اکبر الدین اویسی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ ملازمین کے مسائل کو تفصیل سے سنا اور اس سلسلے میں چیف سکریٹری سومیش کمار سے بھی ٹیلی فون پر ربط کرتے ہوئے ملازمین کے مسائل اور انہیں ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا ۔ ساتھ ہی مجلس کے رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری کو ملازمین کے وفد کے ساتھ چیف سکریٹری کے پاس روانہ کیا ۔ احمد پاشاہ قادری نے ملازمین کے مسائل پر اکبر الدین اویسی کی یادداشت پیش کی جس پر سومیش کمار نے تیقن دیا کہ محکمہ تعلیم اور محکمہ ویلفیر کے غیر تدریسی ملازمین کو ملازمین کے تقسیم کے عمل کے تحت نہ پروموشن کا نقصان ہوگا اور نہ حیدرآباد کے ملازمین کو اضلاع جانا پڑے گا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ اگر ملازمین کو دوبارہ کوئی احکامات وصول ہوتے ہیں تو وہ ان سے یا اکبر الدین اویسی سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔۔ ن