ملازمین کی ہڑتال سے تلنگانہ میں بینکنگ خدمات ٹھپ

   

حیدرآباد 31 جنوری ( پی ٹی آئی )عوامی شعبہ کے بینکوں میں سرگرمیاں آج تلنگانہ بھر میں تعطل کا شکار ہوگئیں کیونکہ جملہ 60 ہزار ملازمین بشمول عہدیداروں نے دو روزہ ہڑتال میں حصہ لیا جس کا ملازمین کی یونینوں نے اعلان کیا تھا ۔ ان کے مطالبات میں تنخواہوں پر نظرثانی اصل مطالبہ ہے ۔ آل انڈیا بینک ائمپلائز اسوسی ایشن کے قومی سکریٹری بی ایس رام بابو نے بتایا کہ کچھ خانگی بینکوں کے سواء تلنگانہ میں تمام بینکوں کے ملازمین نے اس ہڑتال میں حصہ لیا ان میں علاقائی دیہی بینکس ‘ کوآپریٹیو بینکس وغیرہ بھی شامل ہیں۔ یہ ہڑتال یکم فبروری کو بھی جار ی رہے گی ۔ یہ ہڑتال یونائیٹیڈ فورم آف بینک یونینس کی جانب سے کی جا رہی ہے جس میں بینک ملازمین کی کئی یونینیں شامل ہیں۔ ریاست بھر میں چھ ہزار برانچس کے ملازمین نے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کئے ۔ ریزرو بینک حکام نے بتایا کہ حالانکہ انہوں نے ہڑتال میں حصہ نہیں لیا تاہم کچھ ملازمین نے اظہار یگانگت کیلئے احتجاج میں حصہ لیا ۔