ملازمین کے مسائل پر حکومت کا مثبت و ہمدردانہ موقف

   

سنگاریڈی میں ٹی این جی اوز یونین کی تقریب سے جگدیشور اور ایس اے مجیب کا خطاب

سنگاریڈی 16 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت تلنگانہ نے ٹی این جی اوز یونین ضلع سنگاریڈی کو بائی پاس روڈ سنگاریڈی پر ایک ہزار گز زمین مختص کی جس کا آج محمد جاوید علی صدر ٹی این جی اوز یونین ضلع سنگاریڈی کی زیر صدارت میں منعقدہ تقریب میں ٹی این جی اوز یونین نے قبضہ حاصل کرتے ہوئے تعمیری کام بھی شروع کیا۔ تقریب میں جگدیشور ریاستی صدر ٹی این جی اوز یونین اور ایس اے مجیب ریاستی جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز یونین نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ جگدیشور ریاستی صدر ٹی این جی اوز یونین نے کہا کہ ریاستی حکومت ملازمین سرکار کے مسائل کی یکسوئی پر مثبت و ہمدردانہ موقف کی حامل ہے۔ چیف منسٹر نے ٹی این جی اوز یونین کو یقین دہانی کی ہیکہ تمام مسائل حل کردئے جائیں گے۔ اس خصوص میں تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے اور توقع ہیکہ بہت جلد اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ انھوں نے کہا کہ ٹی این جی اوز یونین صرف ملازمین سرکار کے لیے ہی کام نھیں کرتی بلکہ عوام کی فلاح کے لیے بھی کام کرتی ہے اور مختلف فلاحی پروگرامس منعقد کرتی ہے۔ انھوں نے ٹی این جی اوز یونین کو اراضی الاٹ کرنے پر ضلع انتظامیہ کی ستائش کی۔ایس اے مجیب نے کہا کہ ٹی این جی اوز یونین دنیا کی دوسری سب سے قدیم ملازمین سرکار یونین ہے۔ ایک روس میں ہے جو 82 سال قدیم ہے اور دوسری ٹی این جی اوز یونین ہے جو 80 سالہ قدیم ہے۔ عنقریب ٹی این جی اوز یونین اپنے 80 سالہ جشن کا اہتمام کریگی جس میں دو لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ چندر شیکھر اڈیشنل کلکٹر نے کہا کہ اس اراضی کو حوالہ کرنے کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ہوئی ہے۔ لیکن ابھی بلڈنگ کی تعمیر کا مرحلہ باقی ہے جو امید ہیکہ سب کے تعاون سے ہوجائگی۔ محمد جاوید علی صدر ٹی این جی اوز یونین نے خیر مقدمی تقریر کی جبکہ این روی ڈسٹرکٹ جنرل سکریٹری نے اظہار تشکر کیا۔محمد خواجہ غوث معین الدین اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری ٹی این جی اوز یونین و دیگر ٹی این جی اوز یونین قائدین نے بھی مخاطب کیا۔