ملالہ اپنی زندگی میں آئی اہم تبدیلیوں پرکتاب لکھنے میں مصروف

   

لندن : نوبل انعام یافتہ پاکستانی خاتون ملالہ یوسف زئی ان دنوں اپنی یادداشتوں کو کتاب کی شکل میں ڈھالنے میں مصروف ہیں۔لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والی ملالہ یوسف زئی کی اس نئی کتاب کا اعلان پبلشنگ گروپ سائمن اینڈ شوسٹر کی ‘ایٹریا بکس’ کی جانب سے پیر کو کیا گیا ہے۔اس کتاب میں کیا ہوگا، اس کا عنوان کیا ہوگا اور یہ کب تک شائع ہوگی؟ اس بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایٹریا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں 25 سالہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کے گزشتہ چند برس غیرمعمولی تبدیلیوں اور ترقی کے ساتھ آنے والی پریشانیوں اور خوشیوں سے بھرپور ہیں جو ان کے ذہن پر نقش ہیں۔اْن کے بقول، “یہ میری اب تک کی سب سے زیادہ ذاتی کتاب ہے اور مجھے امید ہے کہ قارئین کو میری کہانی میں پہچان، یقین دہانی اور بصیرت ملیگی۔