ملالہ نے آکسفورڈ سے تعلیم مکمل کرلی

   

لندن ۔ دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے 22 سال کی عمر میں برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم کی ڈگری مکمل کرلی۔ملالہ یوسف زئی نے محض 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام حاصل کیا تھا، علاوہ ازیں انہوں نے کم عمری میں متعدد نمایاں اعزاز و ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ملالہ یوسف زئی کو اگست 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا اور انہوں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کے مضامین کا انتخاب کیا تھا۔گزشتہ تین سال میں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تھیں اور رواں سال کورونا کی وبا کے باعث ان کی یونیورسٹی سمیت دنیا کی بڑے یونیورسٹیز نے گریجوئیشن کی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا۔ملالہ یوسف زئی نے اپنے والدین کے ساتھ ڈگری مکمل ہونے پر جشن منانے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس بات کا پتہ نہیں کہ وہ مستقبل میں کیا کرنے جا رہی ہیں، تاہم کچھ دن تک وہ خوب آرام کریں گی اور نیٹ فلیکس پر وقت گزاریں گی۔