ملالہ کا امریکی میگزین کو انٹرویو ، فلسطین کی حالت زار کا تذکرہ

   

نیویارک : پاکستانی نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ فلسطین میں جنگ بندی، انسانی امداد اور امن کی ضرورت ہے۔ امریکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ یہ وقت بہت مشکل ہے، غزہ میں جو ہو رہا ہے اور خاص طور پر اس ہفتہ جو ہم نے رفح میں دیکھا۔ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ یہ لمحات دل دہلا دینے والے اور خوفناک ہیں، لوگ بہت ناراض ہیں اور یقین نہیں کرپارہے کہ یہ ہماری آنکھوں کے سامنے ہو سکتا ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ وہ تصور بھی نہیں کرسکتیں کہ فلسطینی عوام کس تکلیف اور مظالم سے گزر رہے ہیں، ہر کوئی ایسی زندگی چاہتا ہے جہاں وہ کھیل سکے، ٹی وی دیھ سکے اور اسکول جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یقین نہیں آتا کہ غزہ میں 80 فیصد سے زیادہ اسکولوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا اور وہاں کوئی یونیورسٹی نہیں بچی، یہ اندھا دھند بمباری روکنے کی ضرورت ہے۔