ممبئی۔/25 جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلم سرٹیفکیشن کے سنٹرل بورڈ سے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی سوانح حیات پر مبنی فلم ’’ گُل مکئی ‘‘ کوU/A سرٹیفکیٹ حاصل ہوگیا ہے۔ ایچ ایف امجد خان نے اس فلم کی ہدایت کی تھی اور سنجے سنگلا اس کے پروڈیوسر ہیں۔ جینتی لال گادا اور ٹیکنو فلمز نے یہ پیشکش کی ہے۔ امجد خان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ یہ فلم ملالہ یوسف زئی پر مبنی ہے لیکن یہ مکمل جنگی خطہ سے تعلق رکھتی ہے۔ اس میں ایکشن اور تشدد ہے جس کے باوجود اس کو U اور A سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے کیونکہ اس سے لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی بااختیاری کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ میں حکومت ہند اور فلم سرٹیفکیشن سنٹرل بورڈ کا شکر گذار ہوں ۔‘‘ فلم ’ گُل مکئی‘ میں اداکارہ ریم شیخ ملالہ کا رول ادا کررہی ہیں جبکہ دیویا دتہ، پنکج ترپاٹھی، اتول کلکرنی اور مکیش رشی اہم کردار میں دیکھے جائیں گے۔ یہ فلم ضیاء الدین یوسف زئی خاندان کے جرأتمندانہ سفر کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ پاکستان کی وادی سوات میں 2009 کے دوران طالبان کے کنٹرول میں تھی اور وہاں کے عوام پر شہری قوانین نافذ تھے۔یہ فلم 31 جنوری 2020 کو ریلیز ہوگی۔