ایک کی حالت تشویشناک، منڈل میں خوف کا ماحول
حیدرآباد۔ ضلع وقارآباد کے نواب پیٹ منڈل میں ملاوٹ شدہ سیندھی کے استعمال سے درجنوں افراد متاثر ہوگئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ متاثرہ شخص کو فوری حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 افراد کا پتہ چلالیا گیا ہے جن کی جانچ اور معائنہ محکمہ صحت کی نگرانی میں کئے جارہے ہیں۔ محکمہ صحت نے غیر معمولی چوکسی اختیار کرتے ہوئے نواب پیٹ منڈل کے دیگر مواضعات کا معائنہ بھی شروع کردیا ہے اور ایسے افراد کی شناخت جاری ہے جنہوں نے چٹی گڈہ موضع نواب پیٹ منڈل کے سیندھی خانہ سے سیندھی استعمال کیا۔ اچانک تمام افراد میں ایک ہی طرح کی شکایت سے نواب پیٹ منڈل کے مواضعات میں خوف پایا جاتا ہے۔ سرکاری محکموں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔